ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی فسادات: اشتعال انگیز بیانات کے معاملہ میں حکومت اور متعدد رہنماؤں کو نوٹس

دہلی فسادات: اشتعال انگیز بیانات کے معاملہ میں حکومت اور متعدد رہنماؤں کو نوٹس

Fri, 13 Mar 2020 10:10:34    S.O. News Service

نئی دہلی،13؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز نفرت انگیز تقریر کرنے اور جرائم والی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے مطالبہ والی عرضی پر سماعت کی۔ ہائی کورٹ نے عرضی کی سماعت کرتے ہوئے دہلی پولیس، دہلی حکومت اور رہنماؤں سمیت تمام دیگر متعلقہ فریقوں سے جواب طلب کر لیا ہے۔ عرضی میں دہلی تشدد کے دوران عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں متعلقہ فریقین کی قرقی کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ نوٹس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ڈی این پٹیل کی سربراہی والی بنچ کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔ عرضی کے حوالہ سے جن رہنماؤں سے جواب طلب کیے گئے ہیں ان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما انوراگ ٹھاکر، کپل مشرا اور اے آئی ایم آئی ایم کے اکبر الدین اویسی اور وارث پٹھان کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عرضی میں کانگریس کے لیڈران سونیا گاندھی اور سلمان خورشید کے نام بھی شامل ہیں۔

مفاد عامہ کی عرضی کے توسط سے گزشتہ ماہ شمالی مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات میں عوامی املاک کے نقصان کے جائزہ کے لئے ایک خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، قومی راجدھانی میں تشدد متاثرین کو معاوضہ دینے کے لئے فسادات کے ذمہ داروں کی جائیدادیں فروخت کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے جن رہنماؤں کو نوٹس جاری کیے ہیں ان سے 12 مارچ تک جواب دینے کو کہا گیا ہے۔


Share: